توجہ طلب

اکثر سوشل میڈیا پر تصویری اور تحریری صورت میں سورۃ نور کی یہ آیت بہت زیادہ دیکھنے میں آتی ہے
"اور کہہ دے ایمان والیوں کو نیچی رکھیں ذرا اپنی آنکھیں اور تھامتی رہیں اپنے ستر کو اور نہ دکھائیں اپنا سنگار مگر جو کھلی چیز ہے اس میں سے" (سورہ نور، آیت 31)
اس آیت میں خواتین کو پردے کا بہت واضح حکم دیا گیا ہے۔ لیکن جب یہ آیت پردہ کے مخالفین اور بالخصوص بے پردہ خواتین تک پہنچتی ہے تو وہ یہ کہہ کر جان چھڑا لیتی ہیں کہ اس سے پچھلی آیت میں مردوں کو بھی تو نظریں جھکانے کا حکم دیا گیا ہے۔ غلطی صرف مرد حضرات کی ہے اگر وہ خواتین کو دیکھنا چھوڑ دیں تو خواتین بھی بناؤ سنگھار ترک کر دیں گی۔
اور اگر اس سے پچھلی آیت کا ترجمہ دیکھیں تو وہ یوں ہے
"کہہ دے ایمان والوں کو نیچی رکھیں ذری اپنی آنکھیں" (سورہ نور، آیت 30)
اس آیت میں اللہ پاک نے مردوں کو مخاطب کر کے نظریں جھکا کر چلنے کا واضح حکم صادر فرمایا ہے۔ لیکن اس کے ساتھ بھی مذکورہ بالا معاملہ دوہرایا جاتا ہے۔ جب یہ آیت مردوں کے سامنے رکھی جائے تو وہ جواز یہ پیش کرتے ہیں کہ چونکہ خواتین گھروں سے اتنا بناؤ سنگھار کر کے نکلتی ہیں لہذا ان کے سامنے نظریں جھکا پانا بہت مشکل عمل ہے اس لیے غلطی سراسر خواتین کی ہے۔
اب یہاں مسئلہ یہ ہے کہ اللہ پاک نے حکم تو دونوں اجناس کو فرمایا اور حکم بھی غیر مشروط ہے تو کیا ایک دوسرے پر اس کی ذمہ داری ڈال دینے سے گناہ ختم ہو گیا یا کوئی ایک جنس بے قصور ہو گئی ؟؟ نہیں ہر گز ایسا نہیں ہے اللہ تعالی نے دونوں اجناس کو الگ الگ اور غیر مشروط حکم فرمایا لہٰذا اس حکم سے متعلق دونوں ہی مسئول ہیں۔
جب اللہ تعالی نے مرد کو حکم فرمایا کہ نظریں جھکا کر چلو تاکہ بے حیائی کے کاموں سے دور رہ سکو تو مرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ یہ حکم پورا کرے چاہے عورت اپنی ذمہ داری پوری کرے یا نہ کرے۔ مرد اپنے عمل کا مکلف ہے۔
اسی طرح جب اللہ تعالی اگلی آیت میں خواتین کو حکم دیتا ہے کہ غیر محرموں کے سامنے بناؤ سنگھار نہ کرو تو عورت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس حکم کو پورا کرے چاہے مرد نظریں جھکا کر چلیں یا نہ چلیں۔
یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ اللہ تعالی نے یہ حکم کسی شرط کے ساتھ نہیں اتارا بلکہ مردوں کیلئے علیحدہ ہے اور عورتوں کیلئے علیحدہ۔ جب دونوں اجناس غیر مشروط طور پر اپنی اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں گی تو امید ہے کہ معاشرے سے بے حیائی کا ناسور بہت جلد ختم ہو جائے گا۔
اللہ پاک ہمیں عمل کی توفیق عطا فرمائیں۔
آمین

Comments