حب الوطنی

ہمارے ہاں حب الوطنی کو صرف جوش اور جذبے کے معنوں میں لیا جاتا ہے۔ یوم آزادی قریب آتے ہی سب پاکستانیوں کے جوش و خروش اور قومی حمیت کا سمندر ٹھاٹھیں مارنے لگتا ہے۔ یوم آزادی کو پروگرامز میں وطن کی خاطر مر مٹنے کا عزم، ریلیوں اور جلسے جلوسوں کے ذریعے وطن سے محبت کا اظہار،  نئے ملی نغموں کی ریکارڈنگ اور ہر طرف "پاک سر زمین" اور "جیوے جیوے پاکستان" کی گونج ، وطن کی محبت سے لبریز لمبی لمبی تقاریر ، ان سب کو عام طور پر حب الوطنی تصور کیا جاتا ہے جو کہ سراسر غلط ہے۔ حب الوطنی یعنی وطن کی محبت دراصل دوسری محبتوں کی طرح ہی ایک احساس ہے جو ہر وقت انسان کو اپنے وطن کی بہتری اور ترقی کیلئے سوچنے پر مجبور رکھتا ہے، حب الوطنیت کا اظہار انسان کے قول ، فعل اور اجتماعی زندگی میں اس کے کردار سے ہوتا ہے۔ ۔ ہماری روزمرہ کی زندگی میں کیے گئے ایسے کام جن سے وطن کو فائدہ پہنچے ہمارے محب الوطن ہونے کا ثبوت دیتے ہیں۔ اپنے ذاتی مفاد کو پس پشت ڈال کر قومی مفاد کو مقدم رکھنا ہی حب الوطنی ہے۔
ہمارے پاکستان میں عام طور پہ صرف حکمران طبقے کے کارناموں پر ہی کڑی نظر رکھی جاتی ہے اور جہاں حکمران طبقے میں سے کوئی بد نصیب اپنے ذاتی مفاد کی خاطر کوئی قدم اٹھا لے تو ہر طرف سے اس پر تنقید کے تیر برسائے جاتے ہیں، اس کے اس عمل کا کڑا احتساب کیا جاتا ہے لیکن غور طلب بات یہ ہے کہ محب الوطن تو خود کو سبھی گردانتے ہیں اور قوم کی ترقی کیلئے ضروری بھی ہے کہ ہر پاکستانی حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہو لیکن خود کے کیے گئے کسی بھی کام میں کیا ہم وطن کی عزت، وطن کی ترقی اور وطن کے مفاد کو مقدم رکھتے ہیں ؟ کیا کبھی ہم نے خود قومی مفاد کی خاطر ذاتی مفاد کی قربانی دی ہے ؟
یہ کیسی حب الوطنی ہے کہ ایک سرکاری ملازم پورا سال تو اوپر کے پیسے گننے میں گزار دے اور چودہ اگست کے دن انتہائی ادب کے ساتھ کھڑا قومی ترانہ پڑھ رہا ہو، پورا سال بھارتی فلمیں اور ڈرامے چلانے والے ٹی وی چینلز یومِ آزادی کیلئے اسپیشل پروگرامز کر رہے ہوں، پورا سال قومی مفادات پر سیاست کرنے والے سیاست دان جشن آزادی کے پروگرام میں شرکت کر کے حب الوطنی کا ثبوت پیش کر رہے ہوں۔ یہ سب وطن سے محبت کا اظہار ہے یا وطن کے ساتھ غداری؟ محض یومِ آزادی پر پروگرامز میں شرکت کرنا اور ملی نغمے گانا تو وطن سے محبت نہیں۔ وطن سے محبت کا اظہار تو ہمارے ایک ایک عمل سے ہونا چاہیئے۔
پاکستان کی ترقی اور اپنے بزرگوں کے مشن کے ساتھ وفاداری اسی صورت میں ممکن ہے کہ وطن سے محبت کے اظہار کے اس انداز کو بدل کر ہر پاکستانی وطن کے مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے عملی طور پہ کردار ادا کرے۔ حب الوطنی ایسا جذبہ ہے کہ اگر ہر پاکستانی صحیح معنوں میں اس جذبے سے سرشار ہو جائے تو کچھ بعید نہیں کہ پاکستان بھی سب مسائل سے چھٹکارا حاصل کر کے ترقی کی دوڑ میں دوسری قوموں کے شانہ بشانہ سفر طے کر سکے۔  اس کیلئے ضرورت ہے تو صرف سچی محبت اور اخلاص کی۔

Comments

  1. Sloty Casino - MapyRO
    Sloty casino offers an incredible gaming experience! Whether 속초 출장마사지 you're 강릉 출장안마 looking for an 구리 출장샵 exciting casino game for 아산 출장안마 your entertainment,  Rating: 8/10 · ‎5 고양 출장샵 votes

    ReplyDelete

Post a Comment